مندرجات کا رخ کریں

ذیلی صحارائی افریقا

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
گہرا اور ہلکا سبز: "ذیلی صحارائی افریقا" کی تعریف کے مطابق جو اقوام متحدہ کے ادارے اعداد و شمار میں استعمال کرتے ہیں۔
ہلکا سبز: تاہم، سوڈان کی اقوام متحدہ کی شماریات میں شمالی افریقا کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے۔[1]

سب صحارا افریقا یا سب صحارن افریقا (انگریزی: Sub-Saharan Africa) ایک جغرافیائی اصطلاح ہے جو براعظم افریقا کے ان ممالک کے لیے استعمال ہوتی ہے جو صحرائے اعظم کے جنوب میں واقع ہیں یا وہ افریقی ممالک جو مکمل یا جزوی طور پر صحرائے اعظم کے جنوب میں واقع ہیں۔ اس میں شمالی افریقا شامل نہیں کیونکہ وہ دنیائے عرب کا حصہ ہے۔ ساحل کا علاقہ صحرائے اعظم اور استوائی جنگلات کے درمیان کا علاقہ ہے۔ قرن افریقا اور سوڈان کا بڑا علاقہ سب صحارا افریقا کا حصہ ہے لیکن اس پر مشرق وسطٰی کا اثر و رسوخ بہت زیادہ ہیں اس لیے یہ عرب دنیا کا حصہ ہی تسلیم کیے جاتے ہیں۔ سب صحارن افریقا "سیاہ افریقا" بھی کہلاتا ہے کیونکہ اس کی بیشتر آبادی سیاہ فام ہے۔ بلاد سودان کی اصطلاح کے معنی بھی "سیاہ فاموں کی سرزمین" ہی ہیں۔ سب صحارن افریقا کا علاقہ 24.3 ملین مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ یہ دنیا کے غریب ترین خطوں میں سے ایک ہے جو نوآبادیاتی نظام کے بداثرات، اقتصادی بدانتظامی، مقامی سطح پر بدعنوانی اور بین النسلی تنازعات کا نتیجہ ہے۔ اس خطے میں دنیا کے غریب اور غیر ترقی یافتہ ترین ممالک واقع ہیں۔ خطے کی آبادی 2006ء کے مطابق 770.3 ملین ہے جس میں اضافے کا تناسب 2.3 فیصد ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 2050ء تک یہ آبادی تقریباً ڈیڑھ ارب ہو جائے گی۔ سب صحارن افریقا کے ممالک آبادی کی شرح کے علاوہ کم غذائی، نوعمر بچوں کی اموات اور ایچ آئی وی/ ایڈز کے حامل افراد کی تعداد کے لحاظ سے بھی دیگر ممالک سے بہت آگے ہیں۔ افریقا کے صرف چھ ممالک جغرافیائی طور پر سب صحارن افریقا کا حصہ نہیں: الجزائر، مصر، لیبیا، مراکش، تیونس، مغربی صحارا (جو مراکش کے زیر انتظام ہے)۔ سوڈان، موریطانیہ اور نائجر کا کچھ حصہ ساحل میں بھی شامل ہے جبکہ دیگر تمام افریقی ممالک کے بیشتر علاقے سب صحارن افریقا میں شمار ہوتے ہیں۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. "Composition of macro geographical (continental) regions, geographical sub-regions, and selected economic and other groupings"۔ United Nations Statistics Division۔ 11 February 2013۔ 25 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 20 جولا‎ئی 2013  "The designation sub-Saharan Africa is commonly used to indicate all of Africa except northern Africa, with the Sudan included in sub-Saharan Africa."